واشنگٹن،2اگست(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)امریکا کے وزیر خارجہ ریکس ٹلرسن نے صحافیوں کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے اعتراف کیا ہے کہ وہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ ایرانی پالیسی پر اختلاف رکھتے ہیں لیکن اُن کے تعلقات اچھے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ پالیسی پر اُن کے اعتراضات کو آپس کے تعلقات کے ساتھ نہیں جوڑا جا سکتا۔ ٹرمپ نے اپنی بعض ٹویٹس میں خارجہ امور کے تناظر میں ٹلرسن کی صلاحیتوں پر انگلیاں اٹھائی تھیں۔ یہ امر بھی اہم ہے کہ ٹلرسن پیرس کلائمیٹ ڈیل کے حامی تھے لیکن صدر ٹرمپ نے اُس سے دستبرداری کا اعلان کر دیا تھا۔ گزشتہ ہفتے کے دوران امریکی میڈیا پر ایسی رپورٹیں سامنے آئی تھیں کہ ٹرمپ انتظامیہ میں سے وزیر خارجہ جلد مستعفی ہو سکتے ہیں۔